لاہور : پنجاب میں کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر یکم اپریل سے 12 فیصد سے زائد مثبت کیسز والے اضلاع میں مؤثرلاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا ، لاک ڈاؤن11 اپریل تک جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثان بزدار کی زیرصدارت کورونا کے تدارک کیلئے اجلاس ہوا، جس میں کورونا روک تھام کیلئے اور عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے مزید اقدامات پر غور کیا گیا۔
پنجاب میں کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش صوبائی کابینہ نے اہم فیصلے کرلئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے شادی بیاہ تقریبات پر پابندی کا فیصلہ کرلیا ، شادیوں کی تقریبات پرپابندی یکم اپریل سے ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب میں بازار، مارکیٹس، شاپنگ مالزشام 6 بجے بند کرنے سمیت پارکس اور ریسٹورینٹس کو مکمل بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اورمعاون خصوصی فردوس عاشق نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہم کوروناکی تیسری لہرکامقابلہ کررہےہیں جوزیادہ خطرناک ہے، کورونا کے مثبت کیسز کا تناسب 14 فیصد ہوچکا ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لاہورمیں 24گھنٹےمیں کیسزکی شرح 21فیصد رہی، جوتشویشناک ہے، احتیاط کی ضرورت ہے، کاروبار بند کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
انھوں نے بتایا کہ کابینہ کمیٹی برائے کورونا میں چند فیصلے کیے گئے تاہم معاشی اور صنعتی سرگرمیوں پر کوئی پابندی نہیں لگا رہے، جن اضلاع میں کورونا کی شرح زیادہ ہے وہاں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ماس ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ بند کرنے سمیت میٹرو اوراسپیڈوٹرانسپورٹ اور اورنج لائن ٹرین سروس پرپابندی کا فیصلہ کیاگیا ہے ، تاہم ریسٹورینٹس پر صرف ٹیک اوے کی سہولت میسر ہوگی۔
عثمان بزدار نے کہا یکم اپریل سے 12 فیصد زائد مثبت کیسز والے اضلاع میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا لیکن مؤثرلاک ڈاؤن کامطلب یہ نہیں کہ ہم سب کچھ بندکررہےہیں، دکانیں شام 6بجےتک کھلی رہیں گی اور ہفتے میں دودن بندرہیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم چاہتےہیں لوگوں کوکم سےکم تکلیف ہو، لوگوں کی زندگیوں کامسئلہ ہے،پسنداورناپسندشامل نہیں، ہمیں ماسک کے استعمال کو یقینی بنانا ہوگا، ماسک کا استعمال نہ کرنے پر کارروائی ہوسکتی ہے۔
خیال رہے پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 17 افراد جاں بحق ہو گئے ، جس کے بعد صوبے میں کورونا سے اموات کی کل تعداد 6،244 ہو گئی۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گذشتہ24گھنٹوں کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے 2309 نئے کیسز سامنے آگئے، صرف لاہور میں 1478 کیسز رپورٹ ہوئے۔