حفیظ شیخ کو انتخابی مہم میں ارکان قومی اسمبلی کے گلے شکوؤں کا سامنا

0


لاہور: سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں عبدالحفیظ شیخ کوانتخابی مہم میں ارکان قومی اسمبلی کے گلے شکوؤں اور تنقید کا سامنا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق فیصل آباد اور لاہور میں ایم این ایز کی جانب سے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ارکان قومی اسمبلی کی جانب سے بڑھتی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، انھوں نے شکوہ کیا ہے کہ کام نہیں ہوتے، اور وہ اپنے حلقوں میں بے بس ہو گئے ہیں۔

ارکان کا کہنا ہے کہ حکومت معاشی پالیسی پر نظر ثانی کرے اور عوام کو ریلیف دے، یہی صورت حال رہی تو حلقوں میں ووٹرز کا سامنا کرنا مشکل ہو جائے گا۔

وزیر خزانہ حفیظ شیخ نے ارکان قومی اسمبلی کو یقین دہانی کرائی کہ مشکل وقت گزرگیا ہے، اب آئندہ 2 سال میں ریلیف آئے گا۔ یاد رہے کہ عامر لیاقت نے حفیظ شیخ کو ووٹ دینے سے انکار کیا تھا۔

حفیظ شیخ اسلام آباد کی جنرل نشست پر سینیٹ کے امیدوار ہیں، جب کہ ان کے خلاف پی ڈی ایم کے امیدوار سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی انتخاب لڑیں گے۔

دو دن قبل طویل عرصے سے سیاست سے باہر پی ٹی آئی کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے بھی سرگرم ہو کر سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا تھا۔

جہانگیر ترین نے کہا تھا حفیظ شیخ سے میرا دیرینہ تعلق اور خاصی پرانی دوستی ہے، ان سے مسلسل رابطہ ہوتا رہتا ہے، حفیظ شیخ کا تعلق میری پارٹی سے ہے، سینیٹ الیکشن کے موقع پر حفیظ شیخ کی بھرپور حمایت کروں گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here