لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں پولیس گردی کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، جہاں فیملی کے ساتھ خریداری کے لئے آیا نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنادیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پولیس اہلکار نے معمولی بات پر اہل خانہ کے ساتھ خریداری کیلئے آئے شہری کے دانت توڑ دیئے، واقعہ تھانہ اکبری گیٹ پر پیش آیا۔
واقعے سے متعلق تشدد کا شکار نوجوان کے اہل خانہ نے بتایا کہ ہم لوگ شاپنگ کے لئے آئے تھے، اے ایس آئی نے آگےجانےکا کہا،نہ جانے پر وقاص کو تشدد کا نشانہ بنایا اور تھانےمیں بند کردیا۔
پولیس گردی کے خلاف وقاص کے اہل خانہ نے احتجاج کیا تو اسے چھوڑا گیا، تشدد کا نشانہ بننے والے شہری کے بھائی نے تھانہ اکبری گیٹ میں درخواست دی۔
دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تشدد میں ملوث اے ایس آئی انصر کو معطل کردیا ہے، ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی کا مزید کہنا تھا کہ واقعےکی تحقیقات کررہےہیں۔