10 ماہ میں سندھ میں کتنا ٹیکس وصول کیا گیا؟

0


کراچی: صوبہ سندھ میں رواں مالی سال کے 10 ماہ میں ٹیکس اہداف 93 فیصد تک حاصل کرلیے گئے، صوبائی وزیر برائے ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ کا کہنا ہے کہ ٹیکسز وصولی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے جولائی 2020 سے اپریل 2021 تک ٹیکس وصولی کی رپورٹ جاری کردی، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے 81569.844 ملین روپے ٹیکس وصول کیا۔

گزشتہ مالی سال اسی مدت میں 64536.673 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔

محکمہ ٹیکسیشن کے مطابق جولائی 2020 سے اپریل 2021 تک 7886.617 ملین روپے موٹر وہیکل ٹیکس وصول کیا گیا، انفراسٹرکچر سیس کی مد میں 67218.742 ملین روپے اور جائیداد ٹیکس کی مد میں 1559.460 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔

اسی طرح پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 494.853 ملین روپے وصول کیے گئے جبکہ کاٹن فیس اور انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کی مد میں بالترتیب 93.017 اور 30.213 ملین روپے ٹیکس وصولی کی گئی۔

صوبائی وزیر برائے ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ کا کہنا ہے کہ ٹیکسز وصولی کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے، رواں مالی سال میں اب تک 93 فیصد ٹیکس اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں مالی سال کے اختتام سے قبل 100 فیصد سے زائد ٹیکس اہداف حاصل کرلیں گے، ایکسائز افسران ٹیکس وصولی کی رفتار تیز کردیں، افسران و عملے کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here