یوکرین تنازعہ پر بڑی پیش رفت، دو عالمی طاقتیں مذاکرات کے لئے تیار

0


واشنگٹن: یوکرین کے مسئلے پر امریکی صدر جو بائیڈن اور روسی ہم منصب ولادیمیر پیوتن نے مذاکرات کے لئے رضامندی ظاہر کردی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن اور روسی ہم منصب ولادیمیر پیوتن کے درمیان منگل کو ویڈیو کال پر گفتگو ہوگی، جس میں یوکرین کا مسئلہ زیر غور آئے گا۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے بائیڈن پیوتن وڈیو کال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر روسی ہم منصب کو یوکرین کی سرحد پر روسی فوجی سرگرمیوں سے متعلق خدشات سے آگاہ کریں گے۔

اس کے ساتھ ہی وہ یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے امریکا کی حمایت کی توثیق بھی کریں گے، دونوں رہنماؤں میں خطے کے مسائل اور دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

روسی حکام نے بھی وڈیو کال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلی فونک گفتگو میں دوطرفہ تعلقات، یوکرین کا معاملہ اور جنیوا معاہدوں پر عمل درآمد پر بات ہوگی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی انٹیلی جنس کی ایک رپورٹ منظر عام پر آئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ روس آئندہ چند ماہ میں یوکرین پر حملے کی منصوبہ بندی کررہا ہے، اس سلسلے میں روس کے 80 ہزار سے زائد فوجی پہلے ہی یوکرین کی سرحد پر پہنچائے جا چکے ہیں۔

انٹیلی جنس رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی اپنے بیان میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر روس نے واقعی یوکرین پر حملہ کیا تو اس کے نتائج سنگین ہوں گے، تاہم روس نے ایسی کسی منصوبہ بندی کی تردید کی تھی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here