یوٹیلٹی اسٹورز پر گھی کی قیمتوں میں اضافہ کیوں کیا گیا ؟ وجہ سامنے آگئی

0


اسلام آباد : یوٹیلٹی اسٹورز نے عالمی مارکیٹ میں پام آئل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو گھی کی قیمت میں اضافے کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا دیگر سبسڈائزڈ اشیاء آٹا، چینی، چاول اور دالوں کی قیمت برقرار رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع یوٹیلٹی اسٹورز نے گھی کی قیمتوں میں اضافے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھی کی قیمت میں اضافےکی وجہ عالمی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمت بڑھنا ہے، قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے دیگر گھی اور آئل کے برانڈز کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دیگر سبسڈائزڈ اشیاء آٹا، چینی، چاول اور دالوں کی قیمت برقرار رہےگی، معیاری اوربارعایت اشیائے خورونوش کی فراہمی کے لیے مصروف عمل ہیں ، ماہ رمضان میں 19 اشیائے خوردونوش پر سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

یاد رہے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے مختلف اشیا کی قيمتوں ميں اضافے کا نوٹيفکيشن جاری کیا تھا،جس کے مطابق گھی 48 روپےفی کلو اور کوکنگ آئل 29 روپے فی لیٹر مہنگا ہوا جبکہ ایک لیٹرخوردنی تیل کے5 پیکٹس کے پاوٴچ پر 44روپے اور ایک لیٹر کے 12 پیکٹس والے پاوٴچ میں 62 روپے تک کا اضافہ ہوا۔

جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ گھی203 روپے سے بڑھ کر 251 روپے فی کلو اور خوردنی تیل 244 سے بڑھ کر 273 روپے فی لیٹر کا ہوگیا ہے۔

خیال رہے گذشتہ روز اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی کی فی کلو قیمت میں 30 روپے تک اضافے کی منظوری دیتے ہوئے فیصلہ کیا تھا کہ رمضان کے مہینے تک چینی، آٹا، چاول اور دالوں کے نرخ برقرار رہیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here