Todays News

گورنر بلوچستان کی وزیراعظم کے خط پر استعفیٰ دینے سے معذرت


کوئٹہ : گورنربلوچستان کی وزیراعظم کے خط پر استعفیٰ دینےسےمعذرت کرتے ہوئے کہا آئینی طریقے سے معاملہ چلنا چاہیے، صدر کہیں گے تو استعفیٰ دوں گا۔

تفصیلات کے مطابق گورنربلوچستان کےاستعفےکامعاملہ لٹک گیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنربلوچستان کی وزیراعظم کےخط پراستعفیٰ دینے سے معذرت کرلی اور کہا آئینی طریقے سے معاملہ چلنا چاہیے ، صدر کہیں گے تو استعفیٰ دوں گا۔

وزیراعظم نے دورہ سعودی عرب کے بعد نئے گورنربلوچستان کا نام فائنل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، سینیٹرنصیب اللہ بازئی گورنربلوچستان کےلئےمضبوط امیدوار ہیں جبکہ گورنر بلوچستان کے لیے فیض کاکڑ اور ظہور آغا کے نام بھی زیرغور ہیں۔

یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے گورنربلوچستان جسٹس (ر)امان اللہ خان کو خط لکھا تھا ، جس میں ان سے مستعفی ہونےکا کہا گیا تھا، وزیراعظم نے اپنے خط میں کہا تھا کہ بلوچستان میں نیاگورنر تعینات کرنا چاہتا ہوں، آپ سے درخواست ہےکہ مستعفی ہو جائیں۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے تین اکتوبر 2018 میں محمد خان اچکزئی کے استعفے کے بعد امان اللہ یاسین زئی کو نیا گورنر نامزد کیا تھا۔

جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی 7 اگست 1954 کو پیدا ہوئے، 27 جنوری 1997 میں بلوچستان ہائیکورٹ میں بطور جج تعینات ہوئے، 14 ستمبر 2005 کو چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ بنے اور 5 اگست 2009 تک بطور چیف جسٹس ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔

Exit mobile version