کراچی : ایف بی انڈسٹرل ایریا میں گزشتہ روز ہونے والی پولیس موبائل پر فائرنگ سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ اسٹریٹ کرائم نہیں بلکہ منظم دہشت گردی کی بڑی واردات نکلی، چلتی پولیس موبائل پر حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق پولیس موبائل پر فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت3افراد زخمی ہوئے، 3موٹر سائیکلوں پر سوار5 دہشت گردوں نے پولیس موبائل کو نشانہ بنایا۔
دہشت گردوں نے سڑک پر پولیس موبائل کا راستہ روک کر اس پر فائرنگ کی، حملہ اس قدر شدید تھا کہ پولیس اہلکاروں کو حملہ آوروں پر جوابی فائرنگ کرنے کا موقع ہی نہ ملا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 5میں سے3حملہ آوروں نے ہیلمٹ لگا رکھے تھے، ایک حملہ آور نے سیاہ کوٹ پینٹ اور ٹائی لگا رکھی تھی اور ہاتھ میں بیگ پکڑا ہوا تھا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق پولیس موبائل پر حملہ صبح11 بج کر 2 منٹ پر ہوا فائرنگ کے بعد پانچوں دہشت گرد جائے وقوعہ سے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کے بعد زخمی ہونے والے افراد کو تشویشناک حالت میں مقامی اسپتال پہنچایا گیا، زخمی اہلکار کو3 گولیاں لگیں، ڈاکٹروں نے اہلکار کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کردیا تاہم زخمی پولیس اہلکار کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
فائرنگ کے واقعے پر سی ٹی ڈی حکام نے بھی تحقیقات شروع کردی ہیں، تاہم واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق مقدمہ درج ہونے پرتحقیقات سی ٹی ڈی کو منتقل کی جاسکتی ہیں۔