کراچی میں مون سون بارشیں کب سے شروع ہوں گی؟ محکمہ موسمیات کی نئی پیش گوئی
Abdul Rehman
کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں مون سون بارشیں جون کے آخر اور جولائی کے شروع میں ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بادلوں کے ڈیرے ہونے سے موسم سہانا ہوگیا ہے، ،چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں مطلع جزوی ابرآلود رہےگا تاہم چند روز تک مون سون بارشیں متوقع نہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ شہر میں آج گرد آلود ہواؤں کےساتھ ہلکی بارش کاامکان ہے جبکہ دن اور رات کے اوقات میں وقفے وقفے سے بوندا باندی جاری رہے گی۔
سردارسرفراز نے بتایا کہ مون سون بارشیں جون کے آخراور جولائی کےشروع میں ہونےکاامکان ہے ، جولائی کے پہلے ہفتے مون سون اسپیل کی پہلی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صبح کےوقت درجہ حرارت29ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا اور آج درجہ حرارت35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ملک میں پری مون سون بارش سےجل تھل ایک ہوگیا، لاہور،ملتان اور فیصل آبادمیں رات گئے بادل جم کربرسے، لکی مروت میں سیلابی ریلے سے متعدد دیواریں اور کچے مکانات گرگئے۔
جعفرآباد، نصیرآباد، جھل مگسی اورکوہلومیں بھی سیلابی صورتحال کاسامناہے جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلادھاربارش کے باعث کے پی، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ اورشمالی بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔