Todays News

کراچی : سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، بھارتی خفیہ ایجنسی را کا تربیت یافتہ ٹارگٹ کلر گرفتار


کراچی: کاؤنٹرٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے تربیت یافتہ ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا،گرفتار ملزم ایم کیو ایم گلبہار ناظم آباد کاسابقہ سیکٹرانچارج ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں کاؤنٹرٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے سولجر بازارمیں بڑی کارروائی کی ، کارروائی کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی را کے تربیت یافتہ ٹارگٹ کلرشمشادخان کو گرفتار کرلیا۔

انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر نے بتایا کہ گرفتار ملزم ایم کیو ایم گلبہار ناظم آباد کاسابقہ سیکٹرانچارج ہے، گرفتارملزم ٹارگٹ کلنگ کی 10سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے۔

چوہدری صفدر کا کہنا تھا کہ ملزم 1992 میں کراچی آپریشن شروع ہوتےہی بھارت فرارہوگیاتھا اور مفروری کےدوران ایم کیوایم قیادت نے را سے رابطہ کرایا، بمبئی میں را افسران نے شمشاد خان کو عسکری تربیت دی۔

انچارج سی ٹی ڈی نے کہا کہ بھارتی ایجنسی را نےملزم کوکراچی میں دہشتگردی کیلئےتیارکیا، ملزم کوکراچی پہنچ کرپولیس ، خفیہ ایجنسی کے اہلکار اور مخالفین کو قتل کا ٹاسک دیا گیا اور کراچی میں افراتفری پھیلانے کی ہدایت دی۔

چوہدری صفدر نے بتایا کہ شمشاد خان نے کراچی واپس آ کر ٹارگٹ کلنگ کی، 1994 میں حقیقی کارکنان آصف کیپسن اورفہیم فہمی کوقتل کیا، 1995 میں حقیقی کارکنان انصار، کامران ،رفیق پپوکو ٹارگٹ کیا اور 2013میں ایم کیو ایم کارکن حامد کو قتل کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے 2014میں ایم کیو ایم کارکنان تراش اور حیدر حسین اور ایم کیوایم یونائیٹڈ 4 ناظم آباد فراز کو قتل کرایا اور سرفراز باڈی بلڈرکو ٹارگٹ کیا ، ملزم سزا یافتہ اور دو مرتبہ جیل بھی جا چکا ہے۔

Exit mobile version