Todays News

کابل ایئرپورٹ کے قریب بم کی اطلاع، اسپیکر قومی اسمبلی کا طیارہ واپس لوٹا دیا گیا


اسلام آباد : قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصرکی سربراہی میں پارلیمانی وفد کا دورہ افغانستان کابل ایئر پورٹ بند ہونے پر ملتوی ہوگیا، کابل ائیرپورٹ کے قریب دھماکا خیزمواد کی اطلاع تھی۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصرکی سربراہی میں پارلیمانی وفد کا دورہ افغانستان ملتوی کردیا گیا ، کابل ایئرپورٹ بند ہونے پر پارلیمانی وفد کا دورہ ملتوی کیا گیا تاہم دورے کی نئی تاریخ کااعلان دونوں ممالک کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

نمائندہ خصوصی برائے افغانستان صادق خان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ سیکورٹی خدشات کی بنا پر کابل ائیرپورٹ بند کردیا گیا، لینڈنگ سے پہلے کنٹرول ٹاور نے طیارے کو ایئرپورٹ بندش سے آگاہ کیا۔

کمانڈر کابل ائیرپورٹ نے بتایا کہ ائیرپورٹ کے قریب عمارت میں دھماکا خیز مواد کی اطلاع ملی تھی، رپورٹ کے مطابق بم کابل ائیرپورٹ کے قریب کچھ دیر پہلے رکھا گیا تھا۔

دوسری جانب پی آئی اے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اسلام آباد سے کابل جانیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے 249 سیکیورٹی خدشات کے باعث پرواز آدھے راستے سے واپس کردی گئی ، پرواز میں وفد کے ہمراہ اسپیکر قومی اسمبلی بھی سوار تھے۔

ترجمان کے مطابق پرواز پی کے249کو واپس اسلام آباد اتارلیاگیا ہے کل صورتحال بہتر رہی تو مسافروں کو کابل کیلئے روانہ کردیا جائے گا۔

Exit mobile version