Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the eventin domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/todaysne/domains/todaysnews.pk/public_html/wp-includes/functions.php on line 6114
Todays News

ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس: تینوں ملزمان کی سزا کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ محفوظ


اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس کے ملزمان خالد شمیم، معظم،محسن علی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس کے ملزمان خالد شمیم ، معظم، محسن علی کی سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی۔

وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل خواجہ امتیاز کے دلائل اور تحریری جواب گراف کے ساتھ پیش کیا گیا ، ڈپٹی اٹارنی جنرل نے ملزمان کی اپیلیں خارج کرنے کی استدعا کی۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اور دستاویزات موجود ہیں، عدالت انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ برقرار رکھے۔

ملزمان خالد شمیم، معظم علی اور محسن علی کے وکلاء کے دلائل اور تحریری جواب بھی جمع کرایا گیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے تینوں ملزمان کی سزا کے خلاف اپیلوں پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا، چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق نے فیصلہ محفوظ کیا۔

یاد رہے انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کو قید و جرمانے کی سزا سنائی تھی ، ملزمان پر لندن میں ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کا الزام ہے۔

خیال رہے ایم کیو ایم کے رہنما عمران فاروق قتل کیس میں اعترافی بیان ریکارڈ کرانے والے خالد شمیم اورمحسن علی بیان سے مکر گئے تھے، دونوں گرفتار ملزمان نے 5سال قبل مجسٹریٹ کواعترافی بیانات ریکارڈ کرائے تھے۔

واضح رہے ڈاکٹر عمران فاروق 16 ستمبر 2010 کو لندن میں اپنے دفتر سے گھر جارہے تھے کہ انہیں گرین لین کے قریب واقع ان کے گھر کے باہر چاقو اور اینٹوں سے حملہ کرکے قتل کردیا گیا تھا، حملے کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے۔

Exit mobile version