چیئرمین سینیٹ کا تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنے کا عزم

0


کراچی: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایوان میں موجود تمام جماعتوں کو ایک ساتھ لیکر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دوسری بار چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے کے بعد صادق سنجرانی کراچی پہنچے ، جہاں انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

مزار قائد آمد پرچیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی کی دعائیں مانگی، بعد ازاں دونوں شخصیات نے مہمانوں کی کتاب مین اپنے تاثرات درج کئے۔

مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ ایک بار پھر ایوان بالا کا چیئرمین منتخب کرانے پر تمام اراکین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

میڈیا سے گفتگو میں صادق سنجرانی نے کہا کہ جیسے سہل انداز میں ایوان بالا کو چلایا، ویسے ہی چلاؤں گا اور ایوان میں موجود تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر چلوں گا۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کی بارہ تاریخ کو تحریک انصاف کے صادق سنجرانی 48 ووٹ لے کر مسلسل دوسری بار چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے تھے جب کہ ‏پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ پی ڈی ایم کے یوسف رضا گیلانی 42 ووٹوں کے ساتھ شکست کھا گئے تھے ان کے 7 ووٹ مسترد ہوئے.

بعد ازاں چیئرمین کے بعد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب بھی حکومت نے جیتا، حکومتی امیدوار ‏مرزا محمد آفریدی 54 ووٹ لے کر ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوئے جب کہ ان کے مدمقابل عبدالغفور حیدری نے 44 ووٹ‌حاصل کیے اور کوئی ووٹ مسترد نہیں ہوا.

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here