پنڈی ٹیسٹ: جنوبی افریقہ پانچ وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار

0


پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا کھیل جاری ہے۔
جنوبی افریقہ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر اب سے کچھ دیر پہلے تک 127 رنز بنائے ہیں۔ اس وقت کریز پر ٹیمبا باوما اور ویان ملڈر موجود ہیں۔
جنوبی افریقہ کے کپتان ڈی کاک کو میچ کے تیسرے روز شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔
ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے چار وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے تھے۔
میچ کے دوسرے دن جب کم روشنی کے باعث کھیل جلد ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو اس وقت کپتان ڈی کاک 24 اور ٹیمبا باوما 15 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
پاکستان پہلی اننگز میں 272 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کا پہلی اننگز کا آغاز بھی متاثر کن نہ تھا اور اس کی ابتدائی دو وکٹیں جلد ہی گر گئیں۔
اوپنر ڈین الگر 15 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پرکیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد اگلی ہی گیند پر راسی وان ڈرڈیوسن کو حسن علی نے بولڈ کر دیا۔
اس کے بعد ایڈن ماکرم اور فاف ڈوپلسی نے سکور کو تھوڑا آگے بڑھایا لیکن فاف ڈوپلسی صرف 17 رنز بنا کر ہی فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
84 کے مجموعی سکور پر نعمان علی نے ایڈن ماکرم کو آؤٹ کر دیا، انہوں نے 24 رنز بنائے۔
پاکستان کو دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔ کراچی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے ہرایا تھا۔
کپتان بابر اعظم کے پاس پنڈی ٹیسٹ میچ جیت کر ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار مسلسل دو ٹیسٹ میچوں میں جنوبی افریقہ کو زیر کرنے کا موقع ہو گا۔
اس سے پہلے پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو کپتان بابر اعظم پہلے ہی اوور میں نوکیا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 12 چوکوں کی مدد سے 77 رنز بنائے۔
اس کے بعد فواد عالم بھی 45 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔


محمد رضوان اور فہیم اشرف نے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا اور 41 رنز کی شراکت داری بنائی۔ جس کے بعد رضوان اینرخ نوکیا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
حسن علی بھی کچھ خاص نہ کر سکے اور صرف آٹھ رن بنا کر پویلین واپس روانہ وہ گئے، انہیں مہاراج نے آؤٹ کیا۔
یاسر شاہ بھی آٹھ رن بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ جبکہ نعمان علی بھی آٹھ اور شاہین شاہ آفریدی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
دوسری جانب فہیم اشرف کی جانب سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ انہوں نے 97 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی اور 78 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے فاسٹ بالر اینرخ نوکیا نے پانچ اور کیشو مہاراج نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here