لاہور : پنجاب میں کورونا سے اموات کا سلسلہ جاری ہے ، ایک دن میں مزید 83 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 2296 نئےکیسز رپورٹ ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کورونا کی صورتحال روز بروز بگڑتی جارہی ہے، پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کوروناوائرس کے 2296 نئےکیسز سامنے آئے ، جس کے بعد صوبے میں کورونا مریضوں کی تعداد 301،114 ہو گئی، سب سے زیادہ لاہورمیں 1086 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا وائرس سےمزید83 مریض انتقال کرگئے، جس سے کورونا سےانتقال کرنیوالوں کی تعداد8410ہوگئی، صوبے میں 83 اموات میں 30 لاہور میں ہوئی، اور لاہور میں تعداد3458 تک پہنچ گئی۔
یاد رہے پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر خطرناک صورتحال اختیار کرتی جارہی ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک سو اکتیس مریض جاں بحق ہوئے جبکہ مثبت آنے والے کیسز کی تعداد 5 ہزار 112 رہی، جس کے بعد آج ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 10.41 فی صد رہی۔
مجموعی اموات کی تعداد 17 ہزار 811 ہو گئی ہے، جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد 8 لاکھ 20 ہزار 823 ہو گئی، جن میں سے 7 لاکھ 11 ہزار 465 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق تشویش ناک مریضوں کی تعداد 5 ہزار 360 ہے، جب کہ ملک میں فعال کیسز کی تعداد 91 ہزار 547 تک پہنچ گئی ہے۔