’’پرامن مستحکم اور ترقی کرتا افغانستان پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے‘‘

0


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پرامن مستحکم اور ترقی کرتا افغانستان پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی ناظم الامور مسز انجیلا اگلر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں افغان امن عمل میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ امریکی صدر بائیڈن کے افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں، پرامن مستحکم اور ترقی کرتا افغانستان پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔

پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا کہ توقع ہے پاک امریکا کا ہر شعبے میں تعاون مزید فروغ پائے گا۔

دوسری جانب امریکی ناظم الامور مسز انجیلا نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں، افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کا کردار لائق تحسین ہے، افغانستان میں امن کے مشترکہ مقصد کے لیے امریکا تعاون کرتا رہے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر جوبائیڈن نےافغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کی نئی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے افغان امن مذاکرات میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی تھی۔

اُن کا کہنا تھا کہ’یکم مئی 2021 سے افغانستان میں تعینات امریکی فوج کے انخلا کا عمل شروع ہوجائے گا اور 11ستمبر تک افغانستان سے تمام امریکی فوجی نکل جائیں گے‘۔

جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ ’میں چوتھا صدر ہوں جس کے دور میں امریکی فوج افغانستان میں تعینات ہے، اب یہ ذمہ داری پانچویں صدر کو نہیں سونپوں گا، امریکا نے افغانستان میں اپنے اہداف مکمل کرلیے ہیں‘۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here