پاکستان کے ساتھ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے پر کام کر رہے ہیں: سعودی وزیر خارجہ

0


اسلام آباد: سعودی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ مل کر امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے پر کام کر رہا ہے، اسلامی برادری میں اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے بات چیت ضروری ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ پاکستانی شہری سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، دونوں ممالک کے 70 سال پر محیط تعلقات بہت اہم ہیں، ہم پاکستان کے ساتھ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے پر بھی کام کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا دونوں ملکوں کی تاریخ میں وزیر اعظم عمران خان کا دورہ نہایت اہم ہے، ان کے دورے کے دوران انٹرویو پر خوشی ہے، اس دورے میں معاشی تعاون، سرمایہ کاری اور تجارت بڑھانے پر توجہ ہے، اعلیٰ سطح سمیت حکام کی سطح پر بھی دورے ہوں گے، سعودی ولی عہد بھی پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔


شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا خوشی ہے پاکستان اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، اسلامی برادری میں اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے بات چیت ضروری ہے، اس سلسلے میں او آئی سی کا کردار اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا سعودی عرب ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے کوشاں ہے، پاکستان اور سعودی عرب ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے پر مل کر کام کر سکتے ہیں، دونوں ملک ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انھوں نے خوش خبری سنائی کہ پاکستانی افرادی قوت کے لیے سعودی عرب میں مزید مواقع پیدا ہوں گے، ہم پاکستانی افرادی قوت کو سعودی قوانین کے مطابق سہولت دے رہے ہیں، سرمایہ کار بھی دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں بہتری کی بہت گنجائش ہے۔

شہزادہ فیصل نے کہا شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے دورے میں پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا، مزید پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here