پاکستان میں کورونا کی خطرناک صورتحال ، 10 ماہ بعد ایک دن میں ریکارڈ اموات
Abdul Rehman
اسلام آباد : پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر شدت اختیار کرگئی، دس ماہ بعد ایک دن میں ریکارڈ اموات ہوئی اور مہلک وائرس نے ایک سوتین افراد کی جان لے لی، جس کے بعد کوروناسےمجموعی اموات 14 ہزار924 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا کی تیسری لہر خطرناک صورتحال اختیار کرتی جارہی ہے ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا صورتحال کے حوالے سے تازہ اعدادو شمار جاری کردیئے ہیں۔
جس میں بتایا گیا کہ چوبیس گھنٹے میں کورونا میں مبتلا مزید ایک سو تین افراد انتقال کر گئے، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 14 ہزار 924 ہوگئی۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 46 ہزار 665 کوروناٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 3 ہزار 953 نئے مریض سامنے آئے اور کوروناکےٹیسٹ مثبت آنےکی شرح 8.74 فیصد رہی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا فعال کیسزکی تعداد تریسٹھ ہزارایک سو دو ہوگئی جبکہ وائرس سے متاثرہ 3 ہزار 645 مریضوں کی حالت تشویشنا ک ہے۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹے میں 2 ہزار 198 افراد وائرس کوشکست دینے میں کامیاب ہوئے ، جس کے بعد صحتیاب ہونےوالے افراد کی تعداد 6 لاکھ 18 ہزار158 ہوگئی ہے۔