ٹریفک حادثے میں 4 افراد کی موت: کشمالہ طارق کے بیٹے کو ضمانت مل گئی

0


اسلام آباد : ہائی کورٹ نے ٹریفک حادثہ کیس میں کشمالہ طارق کے بیٹے اذلان خان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں کشمالہ طارق کے بیٹے اذلان خان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی ،جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے کہا پندرہ دن میں ضمانتی مچلکے جمع نہ ہونے پر سیشن کورٹ سے ملنے والی ضمانت منسوخ ہوچکی ہے، ضمانت ہی منسوخ ہوگئی تو ایک ملین کے مچلکوں کا حکم غیر موثر ہوگیا۔

جس پر وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے شہریوں کے ورثاء سے معافی نامہ ہوچکا ہے، زخمی ہونے والے مدعی نے بھی معاف کردیا ہے، استدعا ہے عدالت ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کشمالہ طارق کے بیٹے اذلان خان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے 8 اپریل تک پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔

عدالت نے دو لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے فریقین سے نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔

یاد رہے سری نگر ہائی وے پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 4 شہری جاں بحق ہوگئے تھے، عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ تیز رفتارگاڑی کشمالہ طارق کا بیٹے چلا رہا تھا۔

بعد ازاں تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے 4 افراد کی موت کا مقدمہ درج کرلیا گیا تھا ، ایف آئی آر میں کشمالہ طارق کے بیٹے اذلان کو بھی نامزد کیا گیا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here