وفاقی وزیر ریلوے نے وزیراعظم کو گھوٹکی ٹرین حادثے سے متعلق ابتدائی معلومات فراہم کردیں
Abdul Rehman
اسلام آباد : وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے وزیراعظم عمران خان کو گھوٹکی ٹرین حادثے سے متعلق ابتدائی معلومات فراہم کردیں ، وفاقی وزیرریلوے نے کہا کہ بڑا حادثہ ہے، ریسکیو آپریشن زخمیوں کے علاج کی نگرانی خود کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیرریلوےاعظم سواتی سے رابطہ کرکے گھوٹکی ٹرین حادثےسےمتعلق دریافت کیا ، وزیر ریلوے اعظم سواتی نے وزیراعظم عمران خان کوابتدائی معلومات فراہم کردیں۔
وزیر اعظم کی وزیر ریلوے اعظم سواتی کو بلاتاخیر جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت کی ، اعظم سواتی خصوصی طیارے پر قاسم بیس پنڈی سےگھوٹکی روانہ
ہوئے ، کچھ دیر میں جائے حادثہ پہنچ جائیں گے۔
وفاقی وزیرریلوے نے کہا ہے کہ بڑا حادثہ ہے، 30 افراد کےجاں بحق اورزخمی ہونے کا بہت افسوس ہے، ریسکیو آپریشن زخمیوں کے علاج کی نگرانی خود کروں گا، باقی مسافروں کو بروقت گھروں تک پہنچانے کے انتظامات جاری ہیں۔
اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ ٹرین حادثے کی خود ہنگامی بنیادوں پر تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے، حادثے کے ذمہ داروں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
یاد رہے اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے گھوٹکی کے قریب ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ٹرین حادثے کی جامع تحقیقات کا حکم دیا اور وزیرریلوے اعظم سواتی کو زخمیوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانےکی ہدایت اور جاں بحق افراد کے لواحقین سےمکمل تعاون کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ رات گئے گھوٹکی اسٹیشن پر کراچی جانے والی سرسید ایکسپریس ٹریک پرموجود ملت ایکسپریس سے ٹکراگئی، جس کے نتیجے میں 30 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے ، جن میں سے کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔