اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج گلگت بلتستان کیلئے تاریخی ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے، ترقیاتی پیکج میں پاور پراجیکٹ، سڑکوں کی تعمیر اور انٹرنیٹ فراہمی کے منصوبے شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج گلگت بلتستان کا ایک روزہ دورہ کریں گے ،جہاں وہ گلگت بلتستان کے لیے تاریخی ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے، جس میں پاورپراجیکٹ،سڑکوں کی تعمیر اور انٹرنیٹ فراہمی کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم کا جی بی کی صوبائی حیثیت سے متعلق بھی اہم اعلان متوقع ہے۔
یاد رہے گذشتہ ہفتے گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس میں وزیراعظم نےگلگت بلتستان کے لیے تاریخی پیکج اور ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیتے ہوئے انہیں بروقت مکمل کرنے پر زور دیا تھا۔
حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ سروسز کو بہتر بنا کر فور جی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا ، جس کے بعد وزیراعظم نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے گلگت بلتستان کے لیے مجوزہ پلان کی منظوری دی تھی۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’گلگت بلتستان کی ترقی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے علاقےکے مسائل کا حل اور نوجوانوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے‘۔