Todays News

ورلڈ ریکارڈ بنانے پر ارشد ندیم کو مبارک باد، عمران خان


اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارک باد پیش کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اتھلیٹ ارشد ندیم کوانجری پرقابو پانےاور پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔

عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں ارشد ندیم کو90.18 میٹرکی جیولن تھرو پھینکنے کا نیا عالمی ریکارڈ بنانے پر بھی مبارکباد دی۔

اس سے قبل صدرمملکت، وزیراعظم اورآرمی چیف نے بھی جیولین تھرو میں عالمی ریکارڈ بنانے اور کامن ویلتھ گیمز میں طلائی تمغہ جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارک باد پیش کی تھی۔

واضح رہے کہ برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم جیولین تھرو کے فائنل میں گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

پاکستان کے فخر نے ایونٹ کے فائنل میں کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں سب سے لمبی تھرو کر کے بھی نیا ریکارڈ قائم کیا۔

جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پہلی تھرو 86.81 میٹر پھینکی جبکہ عالمی چیمپئن اینڈریسن ہیٹرس نے پہلی تھرو 82.30 میٹر پھینکی۔

ارشد ندیم نے دوسری تھرو کی تو اُسے فاول قرار دیا گیا جس کے بعد انہوں نے تیسری تھرو 88میٹر پھینکی اور اپنا ریکارڈ توڑ دیا۔

اس سے قبل پاکستانی ایتھلیٹ کا ذاتی ریکارڈ86.38 میٹر تھرو تھا۔

Exit mobile version