جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل کےکڈنی ہلز ریفرنس میں نیب نے ڈپٹی چيئرمين سينيٹ سلیم مانڈوی والا کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سليم مانڈوی والا نے کہا ہےکہ جب تک پرائیویٹ ٹرانزیکشنزکو نیب دیکھے گا ملک اور بزنس دونوں کا نقصان ہوگا،2 سال سے ریفرنس فائل نہیں کیا،اب جلدی پڑگئی۔انھوں نےاپنے ثبوت پيش کرنے کا عندیہ بھی دیا۔
جمعرات کواحتساب عدالت میں کیس کی سماعت کے موقع پر جج محمد بشیرکےسامنے سلیم مانڈوی والا بھی پیش ہوئے۔ بیرسٹر قاسم نواز عباسی نے وکالت نامہ جمع کرایا جس کے بعد عدالت نےانہیں عبوری ریفرنس کےتمام والیوم فراہم کردیئے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیخلاف جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل کےکڈنی ہلز ریفرنس میں نئی پیشرفت ہوئی اورنیب سلیم مانڈوی والا کیخلاف فرد جرم سےپہلےضمنی ریفرنس بھی دائر کرے گا۔تفتیشی افسر مدثر بھٹی نےکیس کی پہلی ہی سماعت پراحتساب عدالت کو آگاہ کردیا اورکہا کہ رقوم کی منتقلی کے نئےشواہد ملے ہیں جو ضمنی ریفرنس میں شامل ہوں گے اورملزمان کی تعداد بھی بڑھ سکتی ہے۔
میڈیا سے بات کرتےہوئے سلیم مانڈوی والا نے کیس کو پھر پرائیویٹ معاملہ کہہ دیا اور وضاحت دی کہ ٹرانکشنز ذاتی نوعیت کی تھیں،اس میں نیب کا کوئی لینا دینا نہیں۔
احتساب عدالت نےنیب کو 18 فروری تک ضمنی ریفرنس تیار کرکے دائرکرنے کی ہدایت کردی۔ملزمان پرفردِجرم عبوری ریفرنس کے بعد عائد کی جائے گی۔
نیب نے ریفرنس دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ کڈنی ہلز میں پارک کیلئے مختص زمین کو اعجاز ہارون نے غیر قانونی طورپرسلیم مانڈوی والا کی معاونت سے عبدالغنی مجیداوراومنی گروپ کو فروخت کیا اوراس کےبدلے میں جعلی اکاؤنٹس سے144ملین روپے کی وصولیاں کیں اور ان سے اپنے بے نامیوں کے ذریعے سرمایہ کاری کی۔