Todays News

نیب پیشی پر مریم نواز کی دھمکیاں، رینجرز سے مدد لینے کا فیصلہ


لاہور: قومی احتساب بیورو نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کی پیشی کے موقع پر رینجرز سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی نیب پیشی کے حوالے سے دھمکیوں پر نیب نے سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے نیب نے رینجرز تعینات کرنے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھ کر کہا ہے کہ نیب آفس کے باہر ممکنہ اجتماع کے باعث صورت حال خراب ہو سکتی ہے، وزارت داخلہ نیب آفس لاہور کے باہر رینجرز تعیناتی کے احکامات جاری کرے۔

نیب کی جانب سے ایک اعلامیہ بھی جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ نیب لاہور نے فول پروف سیکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کی معاونت لینے کا فیصلہ کیا ہے، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نیب کی عمارت کی فول پروف سیکیورٹی کی درخواست دے دی ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام سے نیب لاہور کو ریڈ زون ڈکلیئر کرنے کی درخواست کی جا رہی ہے، کسی دھمکی یا دباؤ کی پرواہ کیے بغیر ہمیشہ آئین، قانون کے مطابق کردار ادا کریں گے۔

ادارے نے کہا ہے کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، بدعنوان عناصر سے عوام کے اربوں روپوں کی واپسی کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب انسداد بدعنوانی کا ادارہ ہے، اس کا کسی سیاسی جماعت، گروہ یا فرد سے تعلق نہیں، نیب کا تعلق صرف ریاست پاکستان سے ہے۔

یاد رہے کہ نیب لاہور نے مریم نواز کو 26 مارچ کو 1500 کنال کی مبینہ غیر قانونی منتقلی کیس، اور چوہدری شوگر ملز کیس میں طلب کر رکھا ہے۔

Exit mobile version