Todays News

نیب نے خواجہ آصف کی درخواست ضمانت کی مخالفت کردی


لاہور : قومی احتساب بیورو (نیب ) نے خواجہ آصف کی درخواست ضمانت کی مخالفت کردی اور کہا خواجہ آصف کا جرم ایک فرد نہیں بلکہ پورے معاشرے کیخلاف ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے بنچ خواجہ آصف کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

نیب نے خواجہ آصف کی درخواست ضمانت پر اپنا جواب عدالت میں جمع کرادیا ، لیکن بنچ کے رکن کو نقل فراہم نہ ہوسکی ۔

نیب نےخواجہ آصف کی درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا خواجہ آصف نےاہلخانہ کے نام پر جائیدادیں بنائیں، سرمایہ کاری کی ، خواجہ آصف نے اپنی آمدن کا مرکزی ذریعہ دبئی کی ایمکو کمپنی کو قرار دیا لیکن دبئی کی ایمکو کمپنی سے تنخواہ منتقلی کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔

نیب نے دعویٰ کیا کہ خواجہ آصف نے دبئی کی ایمکو کمپنی کی ملی بھگت سے اقامہ بنوایا اور جب میسرز ایمکو کے ایم ڈی الیاس صلوم کو طلب کیا گیا لیکن وہ شامل تفتیش نہیں ہوا جبکہ خواجہ آصف نےمنی لانڈرنگ کے الزامات کابھی جواب نہیں دیا، غیرمعمولی حالات نہیں کہ ملزم کوضمانت پر رہا کیا جائے۔

جواب میں کہا نیب آرڈیننس کے جرم میں ملوث افراد معمولی نہیں ہوتے، خواجہ آصف کا جرم ایک فرد نہیں بلکہ پورے معاشرے کیخلاف ہے، ضمانت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کی جائے۔

عدالت نے جواب کی نقول فراہم کرنے کیلئے نیب کو سات دنوں کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کردی۔

خیال رہے سابق وزیر دفاع نے ذرائع آمدن سے زیادہ کے اثاثے بنانے کے الزام میں رہائی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

Exit mobile version