اسلام آباد: نااہلی کیس میں یوسف رضا گیلانی اور ان کے بیٹے علی حیدر گیلانی نے الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار چیلنج کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں یوسف رضا گیلانی نااہلی کیس کی سماعت کے دوران یوسف رضا گیلانی اور علی حیدر گیلانی نے الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار چیلنج کر دیا ہے۔
سماعت کے دوران ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثار درانی نے کہا کہ متفرق درخواستیں آتی رہیں تو کیس کبھی ختم نہیں ہوگا، جس پر ممبر بلوچستان شاہ محمد نے کہا کہ فریقین اپنے جوابات جمع کرائیں، آئندہ سماعت پر حتمی دلائل سنیں گے۔
اس سے قبل علی حیدر گیلانی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پہلے دائرہ اختیار پر فیصلہ کرنا ہوگا پھر مرکزی کیس پر کاروائی ہو سکتی ہے۔
دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عالیہ حمزہ کی درخواستوں میں تاحال جواب جمع نہیں کرایا گیا، ممبر سندھ نثار درانی نے کہا کہ کیس آپ خود نہیں چلاتے اور الزام الیکشن کمیشن پر لگتا ہے کہ فیصلہ نہیں ہو رہا۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے مزید سماعت چوبیس جنوری تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ سینیٹ انتخاب سے قبل یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی، جس میں مبینہ طور پر سینیٹ انتخاب میں ’ووٹ کے بدلے نوٹ‘ کی بات کی گئی تھی، اس ویڈیو کی بنیاد پر حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کا رخ کیا تھا۔