لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت میں میو اسپتال کی پارکنگ سے عوام کو لوٹنے والے 4 افراد رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، چاروں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر لاہور اور محکمہ صحت کی ٹیم نے اے آر وائی نیوز کی ٹیم کے ہمراہ پارکنگ مافیاز کے خلاف چھاپہ مار کارروائی کی، اس دوران میو اسپتال کی پارکنگ سے عوام کو لوٹنے والے 4 افراد رنگے ہاتھوں گرفتار ہوئے۔ چھاپہ مارنے پر چاروں افراد نے چھاپہ مار ٹیموں پر دھاوا بھی بولا تھا۔
کمشنر لاہور کیپٹن عثمان کا کہنا ہے کہ طاہر اقبال، سخاوت علی، ذوہیب حسن اور محمد بوٹا کے خلاف دفعہ 186 اور 144 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، گاڑی پارکنگ کے 30 روپے کے بجائے 50 روپے وصول کیے جا رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ روزانہ عوام سے لاکھوں روپے لوٹنے کا سلسلہ جاری تھا، ہزاروں جعلی پرچیاں بھی قبضہ میں لے لی گئی ہیں۔ ایم ایس میو ڈاکٹر افتخار کا کہنا تھا کہ پارکنگ مافیہ نے من گھڑت قیمتیں لکھ کر جعلی پرچیاں بنا رکھیں تھی۔
محکمہ صحت کے مطابق موٹر سائیکل کی قیمت 10 روپے بجھائے 30 روپے وصول کیے جا رہے تھے۔
اینٹی انکروچمنٹ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ محکمہ صحت اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت کے مطابق مافیاز کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔