لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عندیہ دیا ہے کہ کورونا کے پیش نظر عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے مزید اقدامات اٹھا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے تازہ بیان میں عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عوام کو احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے، شہری خود اور دوسروں کو کورونا سے بچائیں، سماجی فاصلے برقرار رکھیں، عوام کے تعاون سے ہی کورونا پر قابو پایا جاسکے گا، شہری باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے ماسک اور احتیاطی تدابیر ناگزیر ہیں، ماسک نہ پہننے والے کورونا کے خطرے کاباعث بن رہے ہیں، کورونامریضوں کی شرح میں اضافہ بےحد تشویشناک ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کورونا کی تیسری لہر شدت اختیار کرچکی ہے، پابندیوں سے بچنے کے لیے ایس اوپیز پر من وعن عمل کرنا ہوگا، عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے مزید اقدامات اٹھاسکتے ہیں۔
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ کورونا میں شدت آنے سے پبلک ہیلتھ سسٹم پر دباؤ بڑھ رہاہے، پرہیز اور احتیاط کورونا کے علاج کی تکلیف اٹھانے سے بہتر ہے، کورونا کی نئی لہر کے دوران کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے، وبائی صورت حال کے پیش نظر جو ایس او پیز طے کی گئی ہیں ان کی پابندی کریں۔