موٹروے زیادتی کیس کے ملزمان کی سزائے موت کیخلاف اپیل دائر
Abdul Rehman
لاہور : موٹروے زیادتی کیس کے ملزمان عابد ملہی اور شفقت بگا نے سزائے موت کیخلاف اپیل دائر کردی، ٹرائل کورٹ نےملزمان کو پھانسی اور عمر قیدکی سزا سنائی تھی۔
تفصیلات کے مطابق موٹروے زیادتی کیس کے ملزمان عابد ملہی اور شفقت بگا نے سزائے موت کیخلاف اپیل دائر کردی، ملزمان کی جانب سے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی گئیں۔
یاد رہے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جرم ثابت ہونےپر ملزمان کو پھانسی اور عمر قیدکی سزا سنائی تھی۔
عدالتی فیصلے میں بتایا گیا تھا کہ دونوں مجرمان کو اغوا برائے تاوان میں عمر قید جبکہ ڈکیتی کے جرم میں 14، 14 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت سے جاری فیصلے کے مطابق خاتون کی زندگی خطرےمیں ڈالنے پر ملزمان کو 5،5سال اضافی قید کی سزا جبکہ خاتون کو زخمی کرنے پر 50، 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
ملزمان کو یہ حق بھی دیا گیا ہے کہ وہ اس سزا کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ملزم عابد ملہی اور شفقت علی نے 8 اور 9 ستمبر کی رات گجر پورہ کے قریب بچوں کے سامنے ماں کو تشدد کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔