Todays News

منشیات کیس میں کم سزا، سپریم کورٹ کا نوٹس


اسلام آباد: سپریم کورٹ نے منشیات کے ملزم کی کم سزا کانوٹس لیتے ہوئے ملزم کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے منشیات کے ملزم کی کم سزا کانوٹس لیا، عدالت عظمیٰ نے استفسار کیا کہ ملزم بتائے کیوں نہ ٹرائل کورٹ کی جانب سے دی گئی سزا میں اضافہ کیاجائے، جس پر ملزم خراساں کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ میرا موکل سزا پوری کرکےجیل سےباہر آچکا ہے۔

ملزم کے وکیل کی جانب سے دئیے گئے دلائل پر جسٹس قاضی امین نے کہا کہ ذراٹھہرجائیں، منشیات کیس میں اتنی کم سزا کیسے ہوگئی؟ جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ ملزم کو ٹرائل کورٹ نے تین سال کم سزادی جبکہ پشاورہائیکورٹ نے سزا کو مزید کم کرکے ایک سال کردیا۔

جسٹس قاضی امین نے استفسار کیا کہ 9 سی کے کیس میں اتنی کم سزا کیسےہوسکتی ہے؟، جسٹس مظاہرنقوی کا کہنا تھا کہ ٹرائل کورٹ نے انسداد منشیات قانون کے برعکس سزادی۔

بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے ملزم خراساں کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ ملزم خراساں کو دو ہزار سولہ میں منشیات کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔

Exit mobile version