سرینگر: مقبوضہ وادی میں بھارتی بربریت جاری ہے، 24 گھنٹوں کے دوران شہادتوں کی تعداد 6 ہوگئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع اسلام آباد میں مزید 3کشمیری نوجوان شہید کردئیے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے ان نوجوانوں کو ضلع کے علاقے ویری ناگ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا، جس کے بعد قابض فورسز کے ہاتھوں چوبیس گھنٹے کے دوران شہید کشمیریوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔
کے ایم ایس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے بدھ کی شام ضلع کولگام کے علاقے میر ہامہ میں تلاشی آپریشن کے دوران تین نوجوانوں کو شہید کیا تھا۔
دوسری جانب حریت رہنما عبدالحمید لون نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیریوں کے بے دریغ قتل عام کو رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
عبدالحمید لون نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے 24 گھنٹے کے دوران 6 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا، کشمیری نوجوانوں کو بھارتی قابض افواج نے جعلی مقابلوں کے دوران شہید کیا۔
عبدالحمید لون نے مزید کہا کہ کشمیریوں کے بنیادی و مذہبی حقوق سلب کرلیے گئے ہیں وہاں انسانیت کا قتل عام ہورہا ہے، بے گناہ کشمیریوں کو گرفتاریوں کے بعد جعلی مقابلے میں شہید کردیا جاتا ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ کشمیر میں خوف و ہراس کی فضا بنادی گئی، انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی جارحیت کا نوٹس لیں۔