Todays News

مفتاح قوم کو بے وقوف بنانا بند کرو، سابق وزیر خزانہ طیش میں آگئے


اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے مفتاح اسماعیل کو کرارا جواب دے ڈالا۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اور وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کی نیوز کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ حکومتی وزرا کی جانب سے عمران خان کی سابقہ حکومت پر بارہا الزام عائد کیا گیا کہ پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، اس طرح کے گمراہ کن بیانات دیکر مفتاح اسماعیل کسے بے وقوف بنا رہے ہیں؟

شوکت ترین نے کہا کہ پوری قوم گواہ ہے کہ اکنامک سروے پر آپ نے دستخط کئے، آپ نے خود بتایا کہ جی ڈی پی ،زراعت میں سستا ہوا، ہم نے 486ارب روپے کا فارمولہ آپ کو بتایا جسے اب آپ استعمال کررہے ہیں۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ان کو اپنی بے وقوفیوں کی وجہ سے کڑے فیصلے لینا پڑے، روپیہ آپ کی نالائقی کی وجہ سے نیچے آیا،صورت حال یہ ہے کہ ہم نے آٹا 55روپے رکھاتھا،اسوقت یوٹیلیٹی اسٹورز پر وہ 80روپے کا مل رہا ہے، ہمارے دورمیں یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی 70 روپے سے بھی کم تھی۔

شوکت ترین نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر آپ ان لوگوں پر ٹیکس لگارہےہیں جو پہلے سے ٹیکس ادا کررہے ہیں ابھی بھی 43 ملین لوگ ایسے ہیں جو ٹیکس ادا نہیں کررہے۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے پیٹرول پر زیرو ٹیکس رکھا تھا اب یہ 17فیصد سیلز ٹیکس لگائیں گے، یہ لوگ پیٹرو پر ساتھ میں 50روپے لیوی بھی لگانے جارہےہیں اس اقدام کے نتیجے میں مہنگائی نیچے نہیں آئے گی مزید بڑھے گی اور ڈسکاؤنٹ ریٹ اوپر جائیگا۔

Exit mobile version