Notice: Function _load_textdomain_just_in_time was called incorrectly. Translation loading for the eventin domain was triggered too early. This is usually an indicator for some code in the plugin or theme running too early. Translations should be loaded at the init action or later. Please see Debugging in WordPress for more information. (This message was added in version 6.7.0.) in /home/todaysne/domains/todaysnews.pk/public_html/wp-includes/functions.php on line 6114
اسلام آباد: قومی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ مسلسل چوتھے ہفتے مہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ ہفتے 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور 9 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کردیے، مسلسل چوتھے ہفتے مہنگائی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.52 فیصد اضافہ ہوگیا، ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 16.49 فیصد تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، برائلر مرغی 24 روپے 45 پیسے، بیف 2 روپے 38 پیسے اور مٹن 33 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
پیاز 3 روپے 80 پیسے فی کلو، ڈھائی کلو گھی کا ڈبہ 4 روپے 60 پیسے اور کیلے 4 روپے 63 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔ ایک ہفتے میں چائے، چاول، دال مسور اور دال چنا بھی مہنگی ہوئیں۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے 9 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ٹماٹر 15 روپے 65 پیسے فی کلو، لہسن 14 روپے 17 پیسے فی کلو، انڈے 1 روپے 69 پیسے فی درجن، دال ماش 1 روپے 72 پیسے فی کلو اور دال مونگ 65 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق آٹے کا 20 کلو تھیلا 2 روپے 51 پیسے اور چینی 65 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ہفتہ وار بنیادوں پر 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔