کراچی: قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے سیدوشریف ایئرپورٹ کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برسوں سے بند سوات کے سیدوشریف ایئرپورٹ کو آپریشنل کرنے کی تیاری کی جارہی ہے، پی آئی اے رواں ماہ کے آخری ہفتے اے ٹی آر طیارے کی ٹیسٹ فلائٹ کرے گا۔
قومی ایئرلائن نے ٹیسٹ فلائٹ کے لیے سیدوشریف ایئرپورٹ پر انتظامات کی ہدایت کردی۔ سیدوشریف ایئرپورٹ طویل عرصے سے غیرفعال ہے، سیدوشریف ایئرپورٹ کا ترقیاتی کام مکمل کرلیا گیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) کے مطابق وفاقی حکومت سے اجازت ملتے ہی سیدوشریف ایئرپورٹ کو کھول دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ امن وامان کی صورتحال کے باعث سیدوشریف ایئرپورٹ کو2004میں بند کیا گیا تھا۔
سی اے اے کا کہنا ہے کہ سیدوشریف ایئرپورٹ کا رن وے مکمل طور پر تیار ہوچکا ہے، پی آئی اے کو ایک ہفتے کے نوٹس پر دیگر سہولیات بھی فراہم کردی جائیں گی۔
واضح رہے کہ ایئرپورٹ پر ایئربس320طیاروں کی لینڈنگ کے لیے منصوبہ بندی شروع ہوچکی ہے۔