ماہ صیام: سعودیوں اور غیرملکیوں کے لیے اہم ہدایات جاری
Abdul Rehman
ریاض: سعودی حکومت نے رمضان المبارک کے دوران کوروناوائرس سے بچنے کے لیے مملکت میں بسنے والے تمام افراد کو اہم مشورے دیے ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے سعودیوں اور غیرملکیوں کے لیے اہم ہدایات جاری کی گئیں تاکہ ماہ صیام میں بھی مہلک وائرس کا پھیلاؤ روکا جاسکے۔
سعودی وزارت صحت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر 5 مشوروں پر مشتمل ہیش ٹیگ ‘نتعاون مانتھاون’ جاری کیا جس کا مطلب ‘تعاون کریں لاپرواہی نہ برتیں’ ہے۔
ہیش ٹیگ ‘نتعاون مانتھاون’ میں ہدایات کی گئی ہیں کہ کوروناویکسین پہلی فرصت میں لگوائیں، احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی دیکھیں تو فوری طور پر رپورٹ کریں اور بھیڑ بھاڑ والے مقامات سے دور رہیں۔
وزارت کا یہ بھی مشورہ ہے کہ کورونا کے خلاف اس او پیز کی پابندی کریں اور فیملی تقریبات سے معذرت کرلیں۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں گذشتہ روز کوروناوائرس کے نئے 900 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مملکت میں فعال کیسز کی تعداد 9 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔
علاوہ ازیں ملک میں بڑے پیمانے پر کوروناویکسینیشن کا سلسلہ بھی جاری ہے۔