لاہور کے ویکسین سینٹرز میں ایک بار پھر ویکسین کا اسٹاک ختم

0


لاہور : پنجاب کے دارلحکومت لاہور کے ویکسین سینٹرز میں ایک بار پھر ویکسین کا اسٹاک ختم ہوگیا ، ویکسین ختم ہونے پر لوگوں نے احتجاج کیا اور کہا ایک طرف حکومت ویکسین لگانے کی مہم چلا رہی ہے دوسری طرف ویکسین ہی نہیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے ویکسین سینٹرز میں ایک بار پھر ویکسین کا اسٹاک ختم ہوگیا ، ویکسین سینٹرز میں ویکسین ختم ہونے پر لوگوں کا احتجاج جاری ہے ، مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہم گرمی میں صبح سے قطار میں کھڑے ہیں اب واپس بھیجا جا رہا ہے، ایک طرف حکومت ویکسین لگانے کی مہم چلا رہی ہے دوسری طرف ویکسین ہی نہیں ہیں۔

شہری کا کہنا تھا کہ میری ٹانگ خراب ہے صبح سے لائن میں کھڑا ہوں اب واپس بھیج رہے ہیں، ہم مزدور لوگ ہیں دیہاڑی چھوڑ کر ویکسین لگوانے آئے تھے۔

گذشتہ روز بھی لاہور کے ایکسپو سینٹر میں شہریوں کی بڑی تعداد ویکسی نیشن کرانے کے لئے پہنچی تو سیکیورٹی گارڈز انہیں یہ کہہ کر واپس بھیج رہے ہیں کہ کرونا کی ویکسین ختم ہوچکی ہے۔

ایکسپو انتظامیہ نے بھی ویکسین ختم ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپو سینٹرز میں صرف 300 ڈوزز کا اسٹاک موجود ہے جبکہ اس کے برعکس محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ ویکسین کا وافر اسٹاک موجود ہے، ایکسپو سینٹر ڈیٹا انٹری کا مسئلہ درپیش ہے، جسے جلد ہی حل کرلیا جائے گا۔

اس سے قبل ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی، جس میں پنجاب میں کرونا ویکسینیشن کا عمل سست روی کا شکار ہونے کا انکشاف ہوا تھا، اس سلسلے میں محکمہ پرائمری ہیلتھ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تین دن میں مقررہ ٹارگٹ کا 40 فیصدہدف مکمل ہوا، گوجرانوالہ میں ویکسین لگانے کی کارکردگی مایوس کن رہی ، گوجرانوالہ میں 3دن میں 19فیصدافرادکوویکسین لگی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here