دبئی: آئی سی سی نے کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی ہے، قومی کرکٹ ٹیم کس رینکنگ پر ہے اور دورہ زمبابوے میں ون ڈے سیریز میں فتح کے بعد پاکستان کس نمبر پر ہوگا؟ جانئے۔
تفصیلات کے مطابق انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کی نئی رینکنگ جاری کی ہے، بھارت کے خلاف جاری ایک روزہ سیریز کے دوسرے میچ میں فتح کے بعد انگلش ٹیم چالیس پوائنٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئی ہے اور اس نے آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کے کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کی نئی رینکنگ میں 19 پوائنٹ کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہے جبکہ بھارت صرف ایک پوائنٹ کی دوری کے باعث قومی ٹیم سے ایک نمبر پیچھے ہے۔
پاکستان جنوبی افریقا اور زمبابوے کے خلاف سیریز کھیلنے کے لئے روانہ ہوچکی ہے، جہاں وہ دونوں ممالک کے ساتھ ایک روزہ سیریز میں آمنے سامنے ہوگی، ان سیریز میں کامیابی کے نتیجے میں قومی ٹیم کی رینکنگ میں بہتری کی امید ہے۔
کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کی نئی رینکنگ میں آسٹریلیا دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے، افغانستان چوتھے اور بنگلہ دیش پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
ویسٹ انڈیز نئی رینکنگ کے مطابق چھٹے جبکہ قومی کرکٹ ٹیم پاکستان ساتویں اور بھارت آٹھویں پوزیشن پر ہیں، زمبابوے نویں اور آئرلینڈ دسویں نمبر پر ہے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی(انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) نے گذشتہ سال تیس جولائی میں ون ڈے ورلڈکپ سپر لیگ فارمیٹ کا متعارف کرایا تھا، پہلا میچ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا گیا تھا۔
انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان ہونے والی ایک روزہ سیریز کے ساتھ ہی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کا بھی آغاز ہوگیا تھا۔
ون ڈے لیگ میں رینکنگ کی ٹاپ 13ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، اس لیگ کے ذریعے 2023 کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کا فیصلہ کیا جائے گا، ایونٹ میں آئی سی سی کی فل 12 ممبرز اور نیدر لینڈ کی ٹیم شامل ہے۔
آئی سی سی کے مطابق لیگ کی ٹاپ سات ٹیمیں ورلڈ کپ 2023کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
England have topped the @cricketworldcup Super League table after their win in the second #INDvENG ODI ?
Check out the standings ➡️ https://t.co/oLRJQwKQbl pic.twitter.com/FtVZssphkR
— ICC (@ICC) March 27, 2021