فضائی مسافروں کی کیٹگری اے اور بی ختم کردی گئی، سول ایوی ایشن

0


کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام مسافروں کی کیٹکگری اے اور کیٹکگری بی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کیٹیگری سی میں شامل 23 ممالک کے مسافروں کی آمد پرپابندی کی مدت میں توسیع کردی گئی۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر مختلف ممالک کے مسافروں کی سہولت کے لئے موجود کیٹگری اے اور بی ختم کر دی گئی ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کردیا، بیرون ملک سے پاکستان آنے والے تمام مسافروں کا 72گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے تمام بین الاقوامی ایئرپورٹس پر تمام مسافروں کا ریپڈ اینٹیجنٹ ٹیسٹ ہوگا، ریپڈ اینٹیجنٹ ٹیسٹ کی رپورٹ 20منٹ کے اندر اندر حاصل ہوگی۔

ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے پر مسافر کو اپنے خرچے پر قرنطینہ کیا جائے گا، 8دن بعد دوبارہ ٹیسٹ ہوگا منفی آنے پر گھر جانے کی اجازت ہوگی، نئی ٹریول ایڈوائزری این سی او سی فیصلوں کے تناظر میں جاری کی گئی۔

اس کے علاوہ کیٹیگری سی میں شامل 23 ممالک کے مسافروں کی آمد پرپابندی کی مدت میں توسیع کردی گئی ہے، کیٹیگری سی ممالک سے مسافروں کی آمد پرسفری پابندیاں5مئی سے تاحکم ثانی نافذالعمل رہیں گی۔

کیٹیگری سی میں جنوبی افریقہ، برزایل، زمبابوے، بھارت سمیت 23 ممالک شامل ہیں، سی کیٹیگری ممالک سے آمد کی اجازت این سی او سی کے این او سی سے مشروط قرار دی گئی ہے، ان ممالک میں موجود پاکستانی، نائیکوپ،پی او سی کارڈ ہولڈرز پاکستانی کی آمد پر بھی پابندی برقرار ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here