لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر میونسپل سروسزکی فوری فراہمی کیلئے 136 تحصیل کونسلز کو 18 ارب جاری کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اقدام اٹھاتے ہوئے میونسپل سروسزکی فوری فراہمی کیلئے 136 تحصیل کونسلز کو 18 ارب جاری کردیئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے فنڈز کا اجرا کردیا، عثمان بزدار نے کہا تعمیر و ترقی کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام 21۔2020 ترتیب دیا گیا ہے، پروگرام سے 306 لوکل گورنمنٹس کی آبادی مستفید ہوگی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ مقامی سطح پرترقی کےنئےدورکاآغازہوچکاہے، 7.352میں سے6.688اسکیمیں تقریباً18ارب کی لاگت سے منظور کی گئی، اسکیموں پر جلد از جلد آغاز کیلئے 4.460 اسکیموں کے ٹینڈرز جاری کردیے۔
ان کا کہنا تھا کہ دیہی سطح پر تعمیر و ترقی کیلئے 7 ارب کے2.657 منصوبوں پر کام شروع ہوگیا ہے جبکہ شہر کی میٹروپولیٹن اور میونسپل کارپوریشنز میں 1.640 اسکیموں پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ سڑکوں کی تعمیر کیلئے 1.025، نکاسی آب کیلئے 967 اسکیموں ، صاف پانی کی فراہمی کیلئے 131 اسکیموں پر کام ، سالڈویسٹ مینجمنٹ سسٹم کیلئے 33 اسکیموں اور عوام کو صحت کی مثالی سہولیات کی فراہمی کیلئے 10 اسکیموں پر کام کا آغاز کیا جارہا ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ان اسکیموں کیلئے تقریبا 5 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں، صاف پانی، جدید سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے بیماریوں پر قابو پانا ممکن ہوگا، فنڈز کے استعمال سے نچلی سطح پر ترقی کا سفر مزید تیز ہوگااور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پرحل ہوں گے۔