کراچی: شہر قائد میں ایک اور بینک کا صفایا ہوگیا، چار ملزمان دن دیہاڑے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق آج نیو کراچی دو منٹ چورنگی کے قریب چار ملزمان نجی بینک میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر بینک اسٹاف اور سیکیورٹی عملے کو یرغمال بنالیا۔
اسی دوران دو سیکیورٹی گارڈز نے مزاحمت کی کوشش کی تو ملزمان نے رائفل کے بٹ مار کر انہیں زخمی کردیا اور بینک سے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔
بینک میں ڈکیتی کی اطلاع ملنےپر مقامی تھانے کے پولیس افسران بھاری نفری کے ساتھ متاثرہ جگہ پہنچے اور عملے سے واقعے سے متعلق تفصیلات طلب کیں اس کے علاوہ پولیس نے کرائم سین یونٹ کو بھی بینک میں طلب کیا۔
آئی جی سندھ نے دومنٹ چورنگی پربینک ڈکیتی کے واقعےکا فوری نوٹس لیا اور ڈی آئی جی ویسٹ اور ڈی آئی جی سی آئی اے سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔
دوسری جانب بینک میں ڈکیتی کی اطلاع ملتے ہی رینجرز کے اعلیٰ افسران بھی بینک پہنچے اور بینک عملے سے واقعے کی مکمل تفصیلات حاصل کیں۔
ادھر نیو کراچی میں بینک ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی ویڈیو اے آر وائی نیوز نےحاصل کرلی ہے، ویڈیو میں ملزمان کو بینک کے دروازے پر فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے واردات کے بعد ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔