شکارپور : دیرینہ دشمنی پر دو گروپوں کے مابین مسلح تصادم، 4 ہلاک
Abdul Rehman
شکارپور: صوبہ سندھ کے ضلع شکارپور میں قبائلی تنازعے نے مزید چار زندگیوں کا چراغ گل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شکارپور کے قریب گڑھی یاسین تھانہ حدود گاؤں شاھم مارفانی میں مارفانی برادری کے دو گروپوں میں سیاہ کاری کے دیرینہ تنازعے پر تصادم ہوا، دونوں گروپوں نے آج ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ کی، فائرنگ نتیجے میں دونوں فریقین کے چار افراد قتل ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاشوں کو گڑھی یاسین تعلقہ اسپتال منتقل کیا، قتل ہونے والے افراد کی شناخت عبدالکریم، محمد ھاشم، سدیر، عبدالنبی مارفانی کے نام سے ہوئی۔
قتل ہونے والے افراد کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ دونوں قبائل کے دوران دو روز سے جاری مسلح جھڑپوں میں مارے گئے افراد کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔
دوسری جانب شکار کے نواحی علاقے میں دو گروپوں کے درمیان جھگڑے کا ایک اور واقعہ رونما ہوا ہے، فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، شدید زخمیوں کو طبی امداد کے لئے لاڑکانہ منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق تصادم گھریلو تنازع کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کی پندرہ تاریخ کو کندھ کوٹ میں جاگیرانی اور چاچڑ قبیلے میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کندھ کوٹ کے کچے کےعلاقے میں 2 گروپوں میں تصادم کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس اورضلعی انتظامیہ کو فوری متحرک ہونے کی ہدایت کی تھی۔