شدید بارشیں، بلوچستان میں اموات کی تعداد 17 تک جاپہنچی

0


کوئٹہ: بلوچستان میں بارشوں کے سبب حادثات کے نتیجے میں ہونے والی اموات کی تعداد 17 ہوگئی، کوئٹہ کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دو روز سے جاری بارش نے تباہی مچادی ہے جس سے کوئٹہ، خضدار اور آواران زیادہ متاثر ہوئے ہیں، بارشوں کے سبب دیواریں گرنے، کرنٹ لگنے اور سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے مختلف واقعات و حادثات میں اب تک سترہ افراد جاں بحق ہوچکے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دو دن کے دوران کوئٹہ،کچھی ،مستونگ،اور خضدارسے اموات رپورٹ ہوئیں، سب سے زیادہ گیارہ افراد کی اموات کوئٹہ سے رپورٹ ہوئیں۔

حکام کے مطابق ہزار گنجی سمیت گوہر آباد میں متعدد گاڑیوں سمیت مقامی لوگ بھی ریلے میں بہے گئے جنہیں ریسکیو کر لیا گیا، کوئٹہ میں سریاب ہزار گنجی کلی گوہر آباد سمیت سریاب کے مختلف علاقوں میں کچے مکانات منہدم ہوئے، مویشی پانی میں بہہ گئے۔

گذشتہ روز صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارشوں سے ہونے والی تباہی کے بعد کوئٹہ کو آفت زدہ علاقہ قرار دے دیا تھا۔

دوسری جانب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتراضلاع میں مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کے بعد پی ڈی ایم اے نے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ لکھا ہے جس میں انہیں پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مراسلے کے مطابق 7 جولائی تک تیز بارشوں کی پیشگوئی ہے، اس دوران کوئٹہ، ژوب، زیارت، بارکھان، لورالائی، کوہلو میں تیز بارشیں ہونگی جب کہ قلات، خضدار، لسبیلہ، نصیر آباد، سبی پنجگور، تربت پسنی، گوادر، اورماڑہ، کیچ، خاران اور آوران میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here