Todays News

سپریم کورٹ کا فٹ بال گراؤنڈ کو فوری طور پر وکلا سے خالی کرانے کا حکم


سپریم کورٹ نے وکلا چیمبرز سے متعلق اسلام آباد بار کی درخواست خارج کرتے ہوئے فٹ بال گراؤنڈ کو فوری طور پر وکلا سے خالی کرانے کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد بار کی درخواست پر چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ عدالت نے تمام غیرقانونی چیمبرز کوگرانے کرنے کا حکم دے دیا۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے دارالحکومت کے سیکٹر ایف-8 میں موجود فٹ بال گراؤنڈ پر وکلا کی جانب سے کی گئی تمام غیر قانونی تعمیرات ختم کرنے اور گراؤنڈ کو بحال کرنے کے بعد وہاں فٹ بال ٹورنامنٹ منعقد کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اسلام آباد کی رہائشی شہناز بٹ نے اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے خلاف درخواست دائر کی تھی جس پر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے فیصلہ سنایا تھا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ اسلام آباد ڈسٹرک بار کی جانب سے بغیر قانونی اختیار اور دائرہ کار کے کھیل کے میدان میں دیگر مقامات پر مطلوبہ الاٹمنٹس کی گئیں۔

فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ ان غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عہدیداروں کو بے نقاب کرنے کے علاوہ ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم نامے میں قرار دیا تھا کہ اسلام آباد ڈسٹرک بار کی جانب سے کھیل کے میدان میں کی گئی الاٹمنٹس غیر قانونی، غلط اور کسی دائرہ اختیار کے بغیر تھیں۔

Exit mobile version