Todays News

سعودی عرب: سفر پر عائد پابندی ہٹا دی گئی


ریاض: سعودی عرب اور بحرین کو جوڑنے والے کنگ فہد پل پر موٹرسائیکل سے سفر پر عائد پابندی ہٹا دی گئی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسافر کنگ فہد پل پر اب موٹرسائیکل کے ذریعے بھی سفر کرسکیں گے، سعودی عدالت نے پابندی کا فیصلہ منسوخ کردیا۔

سعودی شہر دمام میں محکمہ جاتی عدالت نے موٹرسائیکل پر بحرین کے سفر پر عائد پابندی کا فیصلہ منسوخ کردیا۔ کنگ فہد پل کی انتظامیہ نے یہ پابندی عائد کی تھی تاہم اب بائیک کے ذریعے بھی سفری سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔

رپورٹ کے مطابق موٹر سائیکل پر بحرین سفر کرنے کے خواہش مند ایک مسافر نے کنگ فہد پل انتظامیہ کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا، اور شکوہ کیا تھا کہ بغیر کسی قانونی جواز کے موٹرسائیکل پر سفر کی اجازت نہیں دی جاتی، بائیک چلانے والوں کو بھی پل پر سفر کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔

محکمہ جاتی عدالت میں کنگ فہد پل انتظامیہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پل انتظامیہ خودمختار ہے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے موٹرسائیکل پر پابندی کی گئی۔

وکیل نے یہ بھی کہا تھا کہ حالیہ ایام میں موٹرسائیکل پر سفر کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔

مدعی نے وکیل کا دعویٰ جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کنگ فہد پل پر اب تک موٹرسائیکل چلانے کی اجازت ہی نہیں دی گئی تو سفر کرنے والوں کی تعداد کیسے بڑھ سکتی ہے اور حادثات کے دعووں کا بھی کوئی ثبوت نہیں ہے۔

بعد ازاں عدالت نے زمینی حقائق علم میں آنے پر پل انتظامیہ کے فیصلے کو منسوخ کردیا اور حکم دیا کہ وہ لوگوں کو موٹر سائیکلوں سے سفر کا موقع فراہم کرے۔

Exit mobile version