Todays News

سابق کپتان چیف سلیکٹر کے دفاع میں سامنے آگئے


کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم چیف سلیکٹر کے دفاع میں سامنے آگئے اور بیان دیا ہے کہ محمد وسیم چیف سلیکٹر کیلئے بہترین انتخاب ہیں۔\

تفصیلات کے مطابق سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے دو روز سے چیف سلیکٹر پر ہونے والی تنقید پر سامنے آگئے اور چیف سلیکٹر محمد وسیم پر ہونے والی تنقید کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ محمد وسیم چیف سلیکٹر کیلئے بہترین انتخاب ہیں۔

وسیم اکرم نے کپتان اور چیف سلیکٹرمیں اختلافات معمول کی بات قرار دی اور دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ کرکٹ بورڈ میں ہوں نہ ٹیم میں، اور میں کسی کےکام میں مداخلت نہیں کرتا، میں نے کبھی چیف سلیکٹر کو فون پر یہ نہیں کہا کہ کس لڑکے کو ٹیم میں لو یا کسی کو فارغ کرو، میرے پاس اتنا وقت نہیں ہے۔

وسیم اکرم نے غیر مصدقہ خبریں پھیلانے والے عناصر کو فارغ لوگ قرار دیتے ہوئے پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی پر بھی سوالات اٹھائے اور طنزیہ انداز میں کہا کہ کون سی کرکٹ کمیٹی؟ جس کا سال میں ایک ہی اجلاس ہوتا ہے۔

سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم اور کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے شرجیل خان کو میچ ونر کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جارح مزاج بلے باز نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنی فٹنس پر کام کرے گا، اور اسے لازمی طور پر اپنی فٹنس کو عالمی معیار کے مطابق کرنا ہوگی۔

میڈیا سے گفتگو میں وسیم اکرم نے قومی کرکٹ ٹیم کے لئے جنوبی افریقا کا دورہ مشکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے لئے دورہ جنوبی افریقہ اہم ہے، وہاں کی وکٹیں بہت مختلف ہوں گی، پاکستان کو دورہ جنوبی افریقہ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Exit mobile version