زرداری ووٹوں کی خریداری میں پی ایچ ڈی ہیں، لیکن اس بار مایوسی ہوگی: وزیر داخلہ
Abdul Rehman
اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ زرداری ووٹوں کی خریداری میں پی ایچ ڈی ہیں لیکن اس بار آصف زرداری کو مایوسی ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار وہ ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کر رہے تھے، انھوں نے کہا سینیٹ انتخابات میں کوئی سرپرائز نہیں ہوگا، انتخابات میں کامیابی عمران خان کو ملے گی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا سینیٹ میں عمران خان جیتنے جا رہا ہے، 3 مارچ سے اس ملک میں سیاست شروع ہوگی، اور 4 مارچ سے عمران خان کے سیاسی ستاروں کا عروج ہوگا، ہمیں پوری امید ہے سینیٹ انتخابات میں حفیظ شیخ جیتیں گے، جتنے مرضی سرپرائز ہوں، 4 مارچ کو عمران خان وکٹری سیٹ پر ہوگا۔
وزیر داخلہ نے کہا مریم اور نواز شریف نیب اور عدالت کے کہنے پر ای سی ایل لسٹ میں ہیں، نواز شریف کے پاسپورٹ کی مدت آج رات ختم ہو رہی ہے، واپس آنا چاہیں تو ایمرجنسی ٹریولنگ ڈاکومنٹ دیا جا سکتا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ لانگ مارچ کے لیے پی ڈی ایم اسلام آباد آنا چاہیے تو شوق پورا کرے، کچھ نہیں ہونا، آرام سے آئے تو کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، اسلام آباد والوں کو تنگ کریں نہ وہ آپ کو تنگ کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیر اطلاعات نے بھی آج واضح کر دیا ہے کہ نواز شریف کو پاسپورٹ تو نہیں دیا جا سکتا، ہاں ٹریول ڈاکومنٹ دیا جا سکتا ہے، جب کہ مریم نواز کے بارے میں شبلی فراز نے حکومتی عندیہ دیا کہ انھیں باہر نہیں جانے دیا جائے گا۔