Todays News

رمضان المبارک کے چاند کی تلاش، رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں مفتی منیب بھی‌ شریک

اسلام آباد / پشاور / لاہور / کراچی: رمضان المبارک 1442 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی سمیت زونل کمیٹیوں کا اجلاس بھی جاری ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخیبر آزاد کی سربراہی میں پشاور میں جاری ہے۔

علاوہ ازیں لاہور، کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں زونل کمیٹیوں کا اجلاس جاری ہے۔ جس میں رویت ہلال کمیٹی کے اراکین، علما کرام اور متعلقہ حکام بھی شریک ہیں۔

ملک میں ایک ہی دن روزہ رکھنے کیلئے غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے اور انہیں بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

کراچی زونل کمیٹی اجلاس

نمائندہ اے آر وائی نیوز رافع حسین کے مطابق کراچی میں محکمۂ موسمیات کی عمارت میں بھی رویت ہلال کمیٹی کی زونل کمیٹی کا اجلاس جاری ہے، جس میں حافظ محمد سلفی، قاری نظیر احمد نعیمی، قاری محمد اقبال، مولانا صابر حسین جبکہ محکمہ اوقاف سندھ کی جانب سے مفتی منیب الرحمان شریک ہیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے ڈائریکٹر میٹ سردار سرفراز نے اجلاس میں شرکت کی، جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی سربراہی حافظ محمد سلفی نے کی۔

رویت ہلال کی کراچی زونل کمیٹی شہادتوں سے متعلق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو اطلاع دے گی، رمضان کے چاند کا حتمی اعلان چیئرمین رویت ہلال کمیٹی عبدالخیبر کریں گے۔

محکمۂ موسمیات نے رمضان کا چاند نظر آنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’رمضان المبارک کا چاند پیر کی صبح 7 بجکر 32 منٹ پر پیدا ہوچکا ہے،کراچی میں چاند کی عمر 35 گھنٹے 45 منٹ ہوگی‘۔

محکمہ موسمیات و فلکیات کے مطابق آج پاکستان میں چاند دکھائی دینے کا امکان ہے اور یکم رمضان کل 14 اپریل بروز بدھ کو متوقع ہے تاہم حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔

دوسری جانب سعودی عرب میں پیر کے روز رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا تھا، عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں آج پہلا روزہ ہے۔

Exit mobile version