راوی اربن پراجیکٹ: لاہور ہائی کورٹ نے حکومت کو زرعی اراضی استعمال کرنے سے روک دیا
Abdul Rehman
لاہور : ہائی کورٹ نے راوی اربن پراجیکٹ کیلئے حکومت کو زرعی اراضی استعمال کرنے سے روکتے ہوئے ایل ڈی اے کے وائس چیئرمین اور راوی پراجیکٹ کے سربراہ کو طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے راوی اربن پراجیکٹ کیلئے زمین ایکوائر کرنے کیخلاف شیراز ذکا ایڈووکیٹ کی درخواست پرسماعت کی۔
درخواست میں راوی اربن ریور پراجیکٹ کیلئے زرعی اراضی ایکوائر کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا، درخواست گزار وکیل نے نشاندہی کی کہ منصوبے کیلئے زرعی اراضی ایکوائر کرنا کسان کا استحصال کرنا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے اورنج لائن ٹرین میں جس طرح زمین ایکوائرکی گئی اس کا بڑانقصان ہوا، راوی اربن پراجیکٹ پر ماحولیاتی آلودگی کا جائزہ نہیں لیا گیا۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ منصوبے کے ماحولیاتی آثرات کی جانچ کے بغیر اس پر کام نہیں شروع نہیں کیا جاسکتا، وکیل نے نشاندہی کی کہ زرعی اراضی کو منصوبے کیلئے استعمال کرنے سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوگا اور لاہور پہلے آلودہ ترین شہروں میں شمار ہو رہا ہے۔
عدالت نے منصوبے کیلئے زرعی اراضی کو استعمال کرنے سے روکنے کے احکامات میں توسیع کر دی اور درخواست پر مزید سماعت 8 مارچ تک ملتوی کردی۔
لاہورہائی کورٹ نے راوی اربن پراجیکٹ کیلئے زرعی اراضی کو استعمال کے معاملے پر راوی اربن اتھارٹی اور ایل ڈی اے سے جواب طلب کرلیا جبکہ ماحولیاتی اثرات کے جائزے کیلئے بین الاقوامی کنسلٹنٹ تعینات کرنے کی ہدایت کردی۔