لاہور: پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور کا کہنا ہے کہ خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے 3 دن کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے، پیپلز پارٹی کا لکی ایرانی سرکس ہے جو شہر شہر پھر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے 3 دن کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ہماری خواتین مردوں کے شانہ بشانہ آگے بڑھیں گی۔
حسان خاور کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے لیے اقدامات سے عوام کو ریلیف ملا ہے، پیپلز پارٹی کا لکی ایرانی سرکس ہے جو شہر شہر پھر رہا ہے، پیپلز پارٹی والوں کی پنجاب میں ضمانتیں ضبط ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لانگ مارچ کو ہر طرح کی سہولت دی ہے، اصل مسئلہ یہ ہے کہ کس طرح شہباز شریف کی کیسز سے جان چھڑائی جائے۔ اپوزیشن ہیلتھ کارڈ کو کسی طرح ناکام کرنا چاہتی ہے۔
حسان خاور کا مزید کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آئی ندیم افضل چن نے پیپلز پارٹی میں کیوں دوبارہ شمولیت اختیار کی، ندیم افضل چن کو پیپلز پارٹی سے ایک دو ووٹ بھی نہیں ملیں گے، ایک دو لوگوں کے آنے جانے سے پارٹی کو فرق نہیں پڑتا۔