ڈیڑھ ماہ میں 2 بار اضافہ، کے الیکٹرک صارفین کیلئے بڑا جھٹکا
Abdul Rehman
اسلام آباد: نیپرا کا کہنا ہے کہ کراچی کیلئے بھی بجلی کے نرخوں میں 1.95روپےاضافہ کردیا ہے ، ڈیڑھ ماہ میں 2 بار کراچی کے صارفین پرٹیرف میں اضافہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ حالیہ بجلی ٹیرف کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔
جاری نوٹی فیکشن میں کہا گیا کہ کراچی کیلئے بجلی کے نرخوں میں 1.95روپےاضافہ کیا ہے، بجلی نرخوں میں اضافہ ملکی سطح پر یکساں ٹیرف کےعمل کاحصہ ہے، ڈیڑھ ماہ میں 2 بار کراچی کےصارفین پرٹیرف میں اضافہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے نیپرا نے وفاقی حکومت کی درخواست پر بجلی کی قیمت میں ایک روپے 95 پیسے اضافے کی منظوری دی تھی اور بجلی کی قیمت میں 1 روپے 95 پیسے فی یونٹ اضافے کے بعد اوسط ٹیرف 14.38 روپے سے بڑھ کر 16.33 روپے فی یونٹ مقرر کردیا تھا۔
نیپرا کا کہنا تھا کہ فیصلے کا اطلاق 50 یونٹ تک غریب صارفین پر بھی یکساں ہوگا اور فیصلے سے صارفین پر دو سو ارب روپے کا اضافہ بوجھ پڑے گا تاہم کے الیکٹرک کے صارفین پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا اور نئی قیمتوں کا اطلاق بھی وفاقی حکومت کے نوٹی فیکشن کے بعد ہوگا۔